حج 2027: درخواست اور پاسپورٹ سے متعلق نئی ہدایات جاری

وزارتِ مذہبی امور نے حج 2027 کے لیے درخواست دینے والے عازمین کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔ حج درخواست جمع کرانے کے لیے پاکستانی پاسپورٹ کا 16 نومبر 2027 تک مؤثر ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ سرکاری اور نجی حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوگی۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق جن عازمین کے پاسپورٹ کی میعاد 16 نومبر 2027 سے پہلے ختم ہو رہی ہے، انہیں فوری طور پر پاسپورٹ کی تجدید کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، بصورت دیگر وہ حج 2027 کے لیے درخواست جمع نہیں کرا سکیں گے۔

وزارت کی درخواست پر ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر کو حج درخواست گزاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بیرونِ ملک قائم پاکستانی پاسپورٹ دفاتر کو بھی عازمین حج کی سہولت کے لیے فوری اقدامات کرنے کا کہا گیا ہے۔

وزارتِ مذہبی امور نے عازمین سے اپیل کی ہے کہ حج درخواست جمع کرانے سے پہلے اپنے پاسپورٹ کی میعاد ضرور چیک کریں اور اگر پاسپورٹ مقررہ تاریخ سے پہلے ختم ہو رہا ہے تو بروقت اس کی تجدید کرا لیں تاکہ درخواست جمع کرانے کے مرحلے میں کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔

حکام کے مطابق حج آپریشن 2027 کی تیاریوں کے سلسلے میں متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ جاری ہے، جبکہ عازمین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف انتظامی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔