کیا 15 اگست سے پیٹرول پمپس بند ہونے جا رہے ہیں؟ عوام کے لیے اہم خبر

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 15 اگست سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس غیرمعینہ مدت کے لیے بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مطالبات منظور ہونے تک ہڑتال جاری رہے گی۔

پیٹرولیم ڈیلرز کے مطابق 15 اگست کی صبح 6 بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کردیے جائیں گے۔ یہ فیصلہ ملک بھر کے ڈیلرز کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔

چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ملک خدا بخش نے کہا کہ صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اور 14 ہزار ممبران کی جانب سے شدید دباؤ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مطالبات پورے ہونے تک پیٹرول پمپس دوبارہ نہیں کھولے جائیں گے۔

وائس چیئرمین انور کمال کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران حکومت کی جانب سے ڈیلرز سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع کے مارجن کے معاملے پر حکومت کی جانب سے ہونے والی پیش رفت سے بھی انہیں آگاہ نہیں کیا گیا۔

پیٹرولیم ڈیلرز نے واضح کیا ہے کہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں 15 اگست سے شروع ہونے والی ملک گیر پمپ بندش غیرمعینہ مدت تک جاری رہے گی۔