پرائیویٹ حج بکنگ کا طریقہ بدل گیا، عازمین کے لیے نیا نظام متعارف

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے پرائیویٹ حج اسکیم کے نظام میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے بکنگ، معاہدوں اور مالی معاملات کو وزارت مذہبی امور کی براہِ راست نگرانی میں لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نئے ریگولیٹری فریم ورک کے تحت اب پرائیویٹ حج اسکیم وزارت مذہبی امور کی سرکاری پاک حج ایپ کے ذریعے چلائی جائے گی، جہاں عازمینِ حج بکنگ سے لے کر دیگر معاملات مکمل کر سکیں گے۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق نیا ڈیجیٹل نظام سعودی عرب کے نسک مسار سسٹم کی ہدایات کے مطابق متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے ون ونڈو سسٹم قائم کیا جائے گا، جس سے مالی معاملات میں شفافیت بڑھے گی اور فراڈ یا دھوکہ دہی کے امکانات کم ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے بعد اب پاک حج ایپ پرائیویٹ حج آپریشن کا بھی مرکزی پلیٹ فارم ہوگی، جہاں عازمین مختلف پرائیویٹ پیکجز دیکھ کر اپنی پسند کی کمپنی کا انتخاب کر سکیں گے۔

وزارت مذہبی امور کے تحت 25 مجاز پرائیویٹ حج کمپنیاں اپنی خدمات فراہم کریں گی، جبکہ اب تک پاک حج ایپ پر ایک لاکھ 5 ہزار سے زائد پرائیویٹ عازمین اپنی رجسٹریشن مکمل کر چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ حج آپریشن کو 2027 سے 2030 تک نئے ریگولیٹری فریم ورک کے تحت چلانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ عازمینِ حج کی رقوم، معاہدوں کی ضمانت اور آپریشنل معاملات کی نگرانی وزارت مذہبی امور خود کرے گی تاکہ حجاج کو طے شدہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔