اسلام آباد: متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے خصوصی سہولت کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت شناختی دستاویزات کے حصول، تجدید اور تبدیلی کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
نادرا کے مطابق ایسے پاکستانی شہری جنہیں نئی شناختی دستاویزات درکار ہیں یا وہ پہلے سے موجود دستاویزات میں ترمیم، تجدید یا دیگر تبدیلیاں کرانا چاہتے ہیں، انہیں اب اس مقصد کے لیے دور جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق نادرا کی موبائل رجسٹریشن ٹیم پاکستان قونصلیٹ کی ٹیم کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کا دورہ کر رہی ہے، جہاں پاکستانی شہریوں کو مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
نادرا موبائل رجسٹریشن ٹیم ہفتہ 8 اگست کو مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک الاسما ٹرانسپورٹ اینڈ کمپنی، الہیل روڈ، فجیرہ میں کیمپ لگائے گی۔
کیمپ میں پاکستانی شہریوں کو نائیکوپ کے اجرا، منسوخی، ری پرنٹ، ترمیم اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے حصول سمیت مختلف خدمات فراہم کی جائیں گی۔






