اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے، بصورت دیگر عوامی طاقت سے حکومت کو اپنے فیصلوں پر نظرثانی پر مجبور کیا جائے گا۔
ویڈیو بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔ ان کے مطابق خیبر پختونخوا، بلوچستان سمیت ملک بھر کے 510 مقامات پر پرامن مظاہرے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف احتجاج کی عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی ہے اور انتظامیہ مظاہرین کو نہ روکے، بصورت دیگر حالات کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر ہوگی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وہ پرامن مزاحمت کی ایک نئی مثال قائم کریں گے اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔
دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے بھی ویڈیو بیان میں کہا کہ احتجاج کے دوران سڑکیں بند ہوں گی، تاہم ایمبولینسوں کو گزرنے دیا جائے گا۔ ان کے مطابق کراچی میں شام 4 بجے مختلف شاہراہوں سے احتجاجی قافلے روانہ ہوں گے، جو مزارِ قائد پر جمع ہونے کے بعد شارع فیصل کی جانب مارچ کریں گے۔
منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی واپس لینے تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔






