حکومت کا مختلف اداروں کا نجکاری پلان، وزیراعظم شہباز شریف نے اہم ہدایات جاری کردیں

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نجکاری پروگرام کے تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی  وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت کا جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نجکاری پروگرام کے تحت طے شدہ تمام اہداف اور ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، نجکاری کے مختلف مراحل کی بروقت تکمیل کے لیے متعلقہ وزارتیں اور ادارے باہمی رابطے سے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری کا طریقہ کار اس انداز میں وضع کیا جائے کہ بینک کا بنیادی مقصد اور زرعی شعبے میں اس کا کردار برقرار رہے،یقینی بنایا جائے کہ نجکاری کے بعد بھی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو زرعی قرضوں اور مالی وسائل کی فراہمی پر زرعی ترقیاتی بینک کی توجہ برقرار رہے۔

 

وزیرِ اعظم نے کہا کہ کسانوں، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے مالی وسائل تک رسائی کو یقینی بنانا ضروری ہے،زرعی ترقی پاکستان کی معاشی ترقی اور غذائی تحفظ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

 

اجلاس میں وزارتِ نجکاری کی جانب سے وزیراعظم کو نجکاری پروگرام، مختلف سرکاری اداروں کی نجکاری کے لیے اب تک ہونے والی پیش رفت اور آئندہ کے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ حکومت کے نجکاری پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 27 سرکاری ادارے تین مختلف مراحل میں نجکاری کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔

 

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کے حوالے سے فنانشل کلوزنگ کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کی پہلی فنانشل کلوزنگ اور انتظامی کنٹرول کی منتقلی 29 جون 2026 کو مکمل ہوئی۔

 

وزیراعظم کو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (IESCO)، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (FESCO) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (GEPCO) کی نجکاری کے عمل پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تینوں کمپنیوں کے لیے اظہارِ دلچسپی (EOI) مشتہر کیا جا چکا ہے جبکہ سرمایہ کاروں کی جانب سے دستاویزات جمع کرانے کی آخری تاریخ بالترتیب FESCO کے لیے 7 اگست، GEPCO کے لیے 21 اگست اور IESCO کے لیے 7 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔

 

 

اجلاس کو بتایا گیا کہ ان تقسیم کار کمپنیوں کیلئے بین الاقوامی کمپنیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے. اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اس حوالے سے سرمایہ کاروں کے ساتھ روڈ شوز کا عمل بھی جاری ہے۔ وزیراعظم کو زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (ZTBL) کی نجکاری کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

 

اجلاس کو بتایا گیا کہ زرعی ترقیاتی بینک کی ٹرانزیکشن اسٹرکچرنگ میں بینک کے زرعی قرضوں سے متعلق بنیادی مینڈیٹ کے تحفظ کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جا رہا ہے۔

 

اجلاس کو اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کی نجکاری پر پیش رفت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیراعظم نے نجکاری کے تمام جاری معاملات کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی اور طے شدہ اہداف کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

 

 

اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، جام کمال خان، احد خان چیمہ، سردار اویس خان لغاری، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی،، مشیرِ وزیرِ اعظم محمد علی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.