پاکستان نے غزہ امن منصوبے پر عملدرآمد کے سلسلے میں قائم امن بورڈ کے تحت ہونے والی مثبت پیش رفت کا خیر مقدم کیا ہے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ایک بیان میں امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ سمیت تمام ثالثی کرانے والے ممالک کی مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے امن منصوبے کے تحت کیے گئے تمام وعدے من و عن پورے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوششیں فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول میں مددگار ثابت ہوں گی، جو بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک قابلِ اعتماد سیاسی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اس عمل کا حتمی مقصد 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی، القدس الشریف کے دارالحکومت کے ساتھ ایک آزاد، خودمختار اور متصل ریاستِ فلسطین کا قیام ہونا چاہیے۔






