مون سون کے چوتھے اسپیل کے پیش نظر واسا پنجاب سمیت تمام اضلاع کے لیے خصوصی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت منعقدہ ویڈیو لنک اجلاس میں بارشوں سے نمٹنے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس دوران ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور مختلف اضلاع کے ایم ڈیز نے تیاریوں اور کارکردگی پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں طے پایا کہ فیلڈ آپریشنز کے علاوہ دفتری عملہ بھی نکاسی آب اور دیگر سرگرمیوں کی براہ راست نگرانی کا ذمہ دار ہوگا۔ واسا کے تمام فیلڈ ملازمین کے لیے یونیفارم کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ جیو لوکیشن سسٹم کے ذریعے ان کی موجودگی اور کارکردگی کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
وزیر ہاؤسنگ نے نالوں کی صفائی یعنی ڈی سلٹنگ کا عمل بلا تعطل جاری رکھنے کی ہدایت کی، اور اضافی عملے و مشینری کی فراہمی کے لیے ڈی جی واسا کو فوری اقدامات کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں متصل اضلاع کی مشینری اور واسا لاہور دیگر اضلاع کو مکمل معاونت فراہم کریں گے۔ بلال یاسین نے تمام ایم ڈیز کو پابند کیا کہ ان کا خصوصی اسٹاف نشیبی علاقوں سے نکاسی آب، مین ہولز کی صورتحال اور فیلڈ آپریشنز کی باقاعدہ رپورٹ پیش کرے، جبکہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز، ڈی واٹرنگ مشینری، جنریٹرز اور خصوصی شکایات سیلز کو مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
وزیر ہاؤسنگ نے واضح کیا کہ بارش کے دوران نکاسی آب میں کسی بھی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، اور ایمرجنسی کی صورت میں تمام متعلقہ اداروں کے درمیان فوری رابطہ اور مشترکہ کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔






