عوام کی ایک ایک پائی کا تحفظ کریں گے، شہباز شریف

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم شہباز شریف نے اوگرا کو تیل و گیس کے شعبے میں مکمل شفافیت، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ادارے میں اصلاحاتی عمل تیز کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اوگرا کی اصلاحات اور ادارہ جاتی بہتری کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت عوام کی ایک ایک پائی کا تحفظ کرے گی اور کسی کو عوام کے استحصال یا سسٹم میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا تمام اداروں میں یکساں طور پر نفاذ یقینی بنایا جائے، جبکہ ایف بی آر کے جدید ٹریکنگ نظام کو ماڈل بنا کر ایندھن کی آمد و رفت کی کڑی نگرانی کا نظام وضع کیا جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بندرگاہوں اور ریفائنریوں سے پیٹرول پمپس تک سپلائی چین کی ڈیجیٹل نگرانی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اوگرا کی استعداد کار میں اضافے کے لیے نجی شعبے سے اچھی شہرت کے حامل ماہرین تعینات کیے جائیں، اوگرا کی تنظیمِ نو کرتے ہوئے ہر شعبے اور منصب پر میرٹ کی بنیاد پر شفاف تعیناتیاں کی جائیں، جبکہ حکومت اوگرا کی اصلاحات اور تنظیمِ نو کے لیے ہر قسم کی پیشہ ورانہ مہارت فراہم کرے گی۔

اجلاس میں چیئرمین اوگرا نے ادارے کی موجودہ کارکردگی، درپیش چیلنجز اور اصلاحاتی پروگرام پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ، مصدق ملک، احد چیمہ، عطا تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ اور علی پرویز ملک شریک ہوئے، جبکہ معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔