سعودی وزیرِ دفاع کی امریکی صدر اور نائب صدر سے ہنگامی ملاقات، ولی عہد کا خصوصی پیغام پہنچادیا

سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے واشنگٹن میں امریکی صدر اور نائب صدر جے ڈی وینس سے اہم ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کا مقصد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی پیغام امریکی قیادت تک پہنچانا تھا۔ ملاقات کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال، ایران کے ساتھ کشیدگی اور علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی وزیرِ دفاع نے امریکی نائب صدر کو آگاہ کیا کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو ایران کے ساتھ کشیدگی میں اضافے پر زور دے رہے ہیں، جبکہ سعودی عرب خطے میں کشیدگی کم کرنے کو ترجیح دیتا ہے کیونکہ یہی راستہ تمام فریقین کے مفاد میں ہے۔

شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ ایران نواز عراقی ملیشیاؤں کی جانب سے سعودی بنیادی ڈھانچے اور توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانا ایک حد سے تجاوز تھا، جس کے جواب میں سعودی عرب کو کارروائی کرنا پڑی۔

انہوں نے واضح کیا کہ عراق میں کی جانے والی کارروائی کا مقصد کشیدگی بڑھانا نہیں تھا، تاہم سعودی عرب اپنی سلامتی اور دفاع کے لیے ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

سعودی وزیرِ دفاع نے حوثیوں کے معاملے پر کہا کہ فی الحال امریکا کی مداخلت کی ضرورت نہیں، جبکہ حوثیوں کے ساتھ مذاکرات کا عمل بھی جاری ہے۔