الیکشن کمیشن نے 4 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کرتے ہوئے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ان جماعتوں کو مختلف قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر ڈی لسٹ کیا گیا۔ ختم کی گئی رجسٹریشن والی جماعتوں میں ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان، عوامی جمہوری پارٹی پاکستان، ہم عوام پاکستان پارٹی اور پاکستان ریفارم پارٹی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ان جماعتوں نے انٹرا پارٹی انتخابات، سالانہ گوشوارے جمع کرانے اور دیگر ضروری تقاضے مکمل نہیں کیے، جس کے باعث ان کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی۔
رجسٹریشن ختم ہونے کے بعد الیکشن کمیشن میں درج سیاسی جماعتوں کی تعداد کم ہو کر 164 رہ گئی ہے۔ اس سے قبل بھی الیکشن کمیشن مختلف وجوہات کی بنا پر متعدد سیاسی جماعتوں کو ڈی لسٹ کر چکا ہے۔






