پاکستان کی معاشی صلاحیتیں زبردست ہیں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر

راولپنڈی (آئی این پی): امریکی ایوانِ نمائندگان کے ارکان ریان کیتھ زنکے اور مائیکل جیمز بامگارٹنر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون، اقتصادی روابط اور خوشحالی کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی وسیع اقتصادی صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام مضبوط معیشت، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط کے استحکام سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کاروبار دوست ماحول کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے جامع ساختی اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق امریکی وفد نے علاقائی استحکام اور اقتصادی ترقی میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات، نجی شعبے کے درمیان شراکت داری اور باہمی تجارت کے فروغ کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی ارکانِ کانگریس نے پرتپاک مہمان نوازی پر عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

close