//

ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر پاکستان کا دوٹوک جواب

پاکستان نے بھارتی وزیرِ دفاع کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے انتہائی اشتعال انگیز، غیر ذمہ دارانہ اور خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا، اور کہا کہ ہر جارحیت کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ بھارتی وزیرِ دفاع کے ریمارکس نہ صرف جموں و کشمیر کے تنازع کی حقیقت کو مسخ کرتے ہیں، جو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے، بلکہ یہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ بھارتی حکومت ایسی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو خطے اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرات کو بڑھا رہی ہے۔

بیان کے مطابق، ایسے بیانات کا مقصد بھارت کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کی صورتحال، خطے میں دہشت گردی کی مبینہ سرپرستی اور بھارت کے اندرونی مسائل سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو اشتعال انگیز بیانات اور دھمکی آمیز رویے کے بجائے زمینی حقائق کا ادراک کرنا چاہیے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی حکومت، عوام اور مسلح افواج کسی بھی ممکنہ جارحیت یا مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت اور عزم رکھتے ہیں۔

بیان میں گزشتہ سال کے آپریشن “بنیان مرصوص” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان پہلے بھی اپنے دفاع کے عزم کا عملی مظاہرہ کر چکا ہے۔

پاکستان نے عالمی برادری، خصوصاً اقوامِ متحدہ، سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے مسلسل غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا نوٹس لے اور اسے سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد نہ کرنے پر جوابدہ ٹھہرائے۔

بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق یقینی بنانا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close