ملازمین کو بڑا تحفہ، بنیادی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا اعلان

پشاور (آئی این پی): خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے سرکاری ملازمین کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے بنیادی تنخواہوں اور الاؤنسز میں نظرثانی کی منظوری دے دی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے جاری کر دیا ہے۔

محکمہ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق صوبائی حکومت نے سرکاری ملازمین کے بنیادی تنخواہی ڈھانچے کو اپ گریڈ کر دیا ہے۔ یکم جولائی 2026 سے نئے بیسک پے اسکیلز 2026 نافذ العمل ہو گئے ہیں، جن کے تحت ملازمین کو نظرثانی شدہ اور بڑھائی گئی بنیادی تنخواہیں ادا کی جائیں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئے بیسک پے اسکیلز میں ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022 اور ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2025 کو بنیادی تنخواہ میں ضم کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ پرانے بیسک پے اسکیلز 2022 کی جگہ اب بیسک پے اسکیلز 2026 نافذ العمل ہوں گے، جبکہ تمام سرکاری ملازمین کو یکم جولائی 2026 سے ہی نئی بنیادی تنخواہوں کا فائدہ دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ صوبائی کابینہ نے بجٹ اجلاس کے دوران سرکاری ملازمین کے تنخواہی ڈھانچے میں اس نظرثانی اور اصلاحات کی منظوری دی تھی، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ خزانہ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

حکومت کے مطابق اس فیصلے سے خیبرپختونخوا کے لاکھوں سرکاری ملازمین اور ان کے خاندانوں کو موجودہ معاشی حالات میں مالی ریلیف ملے گا۔

close