آٹے کی قیمتوں کو پر لگ گئے

کوئٹہ (آئی این پی): صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث مہنگائی سے پریشان شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پھلوں اور سبزیوں کے بعد گزشتہ ایک ہفتے کے دوران آٹے کی قیمت میں بھی مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ تازہ اضافے کے بعد 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں مزید 100 روپے بڑھ گئے ہیں۔

مارکیٹ میں اب 20 کلو آٹے کا تھیلا 2,800 روپے جبکہ 50 کلو آٹے کی بوری 6,800 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیائے خور و نوش کی مسلسل بڑھتی قیمتوں نے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے سمیت ضروری اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

close