پنجاب حکومت نے موجودہ مون سون صورتحال کے پیشِ نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے مختلف آبی مقامات پر نہانے، تیراکی اور کشتی رانی پر پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کھلی جگہوں یا عوامی مقامات پر بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے پر پابندی ہوگی، جبکہ ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں اور جھیلوں میں ہر قسم کی تیراکی بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ڈیموں، دریاؤں، نہروں اور ڈسٹری بیوٹریز میں بغیر اجازت کشتی رانی پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کے تحت یہ پابندیاں 60 روز کے لیے نافذ کی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات موجودہ موسمی حالات اور ممکنہ حادثات کے پیش نظر انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 کے تحت کیے گئے ہیں۔
سیکرٹری داخلہ نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ عوامی آگاہی کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ سے متعلق تشہیری مہم بھی چلائی جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






