//

آزاد کشمیر انتخابات کا پہلا مرحلہ ، میرپور ، کوٹلی اور بھمبر میں پولنگ جاری , تفصیلات جانئے

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ووٹنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع، میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، استحکامِ پاکستان پارٹی، آزاد امیدواروں اور دیگر سیاسی جماعتوں سمیت مجموعی طور پر 288 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔

ان 13 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے، جبکہ میرپور ڈویژن میں ووٹنگ کے لیے 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

انتخابات کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ضلع بھمبر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر، جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ ووٹ ان کی طاقت ہے، اس لیے وہ اپنے حقِ رائے دہی کا ضرور استعمال کریں۔

چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ پُرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ریاستی ادارے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ انتخابی عمل میں خلل ڈالنے یا امن و امان خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close