//

بجلی کمپنی نے صارفین کو خبردار کر دیا

فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ حکومتی سبسڈی جاری رکھنے کے لیے اپنے بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے تصدیقی عمل مکمل کریں، بصورت دیگر انہیں سبسڈی سے محروم ہونے کا خدشہ ہے۔

فیسکو کے مطابق وزارت توانائی کی ہدایات کے تحت صارفین کی رجسٹریشن اور تصدیق کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مستحق صارفین کو سبسڈی کی سہولت شفاف اور محفوظ طریقے سے فراہم کرنا ہے۔

فیسکو ریجن میں سبسڈی کے اہل پروٹیکٹڈ صارفین کی تعداد 39 لاکھ 51 ہزار 336 ہے، جن میں سے 17 لاکھ 13 ہزار 110 صارفین کیو آر ویریفکیشن مکمل کر چکے ہیں، جبکہ 22 لاکھ 38 ہزار 126 صارفین نے ابھی تک تصدیقی عمل مکمل نہیں کیا۔

فیسکو نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے تازہ بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرکے قومی شناختی کارڈ نمبر اور رجسٹرڈ موبائل نمبر درج کریں، جبکہ موصول ہونے والے او ٹی پی کے ذریعے تصدیق کا عمل مکمل کریں۔

انتظامیہ کے مطابق اس نظام کا مقصد سبسڈی کے غلط استعمال کی روک تھام اور حکومتی ریلیف کو حقیقی حقدار صارفین تک پہنچانا ہے۔ صارفین کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنی معلومات صرف اصل بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے فراہم کریں اور مشکوک لنکس یا غیر مصدقہ ویب سائٹس پر ذاتی معلومات درج نہ کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close