پشاور کے تھانہ کوتوالی کی حدود میں پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب ایک ٹک ٹاکر فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہو گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تھانہ کوتوالی کی حدود میں اسنیچنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جب موقع پر پہنچی تو ملزمان نے پولیس ٹیم پر باارادہ قتل فائرنگ شروع کر دی۔ ملزمان کی اس فائرنگ سے رائیڈر اسکواڈ کا ایک پولیس اہلکار حیدر علی شاہ شدید زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کے اس تبادلے کے دوران بدنام زمانہ منشیات فروش، غنڈہ گرد اور راہزن ماصل عرف ماصلے ولد شیر بہادر، سکنہ قاضی خیلان، اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔
ہلاک ہونے والا ملزم پولیس کو مختلف نوعیت کے متعدد مقدمات میں مطلوب اور ملوث تھا، جن میں کنٹرول آف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت تھانہ کوتوالی میں درج مقدمہ نمبر 148 (سال 2022)، 11 سی این ایس اے کا مقدمہ نمبر 27 (سال 2024)، مقدمہ نمبر 316 (سال 2020) اور مقدمہ نمبر 88 (سال 2020) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ تھانہ کوتوالی میں درج مقدمہ نمبر 324 (سال 2025)، تھانہ چمکنی کے مقدمہ نمبر 737 (سال 2025)، تھانہ کوتوالی کے 11 بی این سی این ایس اے کے مقدمہ نمبر 567 (سال 2025) اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر یکٹ کے تحت درج مقدمہ نمبر 1189 (سال 2025) میں بھی نامزد و مطلوب تھا۔
واقعے کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو جانے والے دیگر ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر کارروائیاں اور چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






