لیاقت پور (آئی این پی): لیاقت پور کے علاقے بیٹ پرارہ میں بستی بڈا پرارہ کے قریب دریائے چناب کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے سیلابی پانی تیزی سے قریبی آبادیوں میں داخل ہو گیا، جس کے باعث متعدد بستیاں متاثر اور زمینی رابطے منقطع ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق دریائے چناب میں طغیانی کے باعث حفاظتی بند ٹوٹنے سے علاقے میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔ پانی آبادیوں میں داخل ہونے کے بعد متاثرہ دیہات کے زمینی راستے بند ہو گئے، جبکہ متعدد خاندان اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
سیلابی پانی سے 50 ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی کماد، مونگ، تل اور چارہ جات کی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، جبکہ درجنوں مکانات بھی زیرِ آب آ گئے ہیں، جس سے مقامی کسانوں اور رہائشیوں کو شدید مالی نقصان پہنچا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پانی کا بہاؤ مسلسل بڑھ رہا ہے اور انہیں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق اطلاع دینے کے باوجود تاحال کوئی امدادی یا ریسکیو ٹیم موقع پر نہیں پہنچی۔
متاثرہ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں، محصور خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور متاثرین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






