فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ حکومتی سبسڈی برقرار رکھنے کی غرض سے اپنے بجلی کے بل پر موجود QR کوڈ کے ذریعے رجسٹریشن اور تصدیق کا عمل جلد مکمل کریں، بصورت دیگر سبسڈی کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
فیسکو انتظامیہ کے مطابق وزارتِ توانائی کی ہدایات کی روشنی میں اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد عامر کی زیر نگرانی بجلی کے بلوں پر موجود QR کوڈ کے ذریعے صارفین کی تصدیق کی مہم تیز کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد مستحق صارفین تک حکومتی سبسڈی کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا اور نظام کو مزید شفاف و ڈیجیٹل بنانا ہے۔
ترجمان فیسکو محمد سعید رضا کا بتانا ہے کہ فیسکو ریجن میں حکومتی سبسڈی کے اہل پروٹیکٹڈ صارفین کی کل تعداد 39 لاکھ 51 ہزار 336 ہے، جن میں سے اب تک 17 لاکھ 13 ہزار 110 صارفین کامیابی سے اپنے QR کوڈ کی ویریفکیشن مکمل کر چکے ہیں۔
ترجمان فیسکو نے مزید کہا کہ 22 لاکھ 38 ہزار 126 صارفین نے تاحال اپنی رجسٹریشن نہیں کرائی، جس کے باعث مستقبل میں ان کی حکومتی سبسڈی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
فیسکو کی وضاحت کے مطابق رجسٹریشن کا طریقہ کار یہ ہے کہ صارفین اپنے تازہ ترین بجلی کے بل پر موجود QR کوڈ کو موبائل فون سے اسکین کریں، اس کے بعد قومی شناختی کارڈ نمبر اور رجسٹرڈ موبائل نمبر درج کریں، اور پھر موصول ہونے والا ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) داخل کر کے تصدیقی عمل مکمل کریں۔
فیسکو انتظامیہ نے اس امر کو واضح کیا ہے کہ اس نظام کا مقصد سبسڈی کے غیر قانونی اور ناجائز استعمال کو روکنا اور حکومتی ریلیف صرف اور صرف مستحق افراد تک پہنچانا ہے۔ انتظامیہ نے صارفین کو تاکید کی ہے کہ وہ صرف اپنے اصل بجلی کے بل پر درج QR کوڈ کا استعمال کریں اور کسی بھی جعلی ویب سائٹ، مشکوک لنک یا غیر مصدقہ پلیٹ فارم پر اپنی ذاتی معلومات درج کرنے سے گریز کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






