//

آزاد کشمیر کی تقدیر بدل دیں گے، نواز شریف

میرپور (آئی این پی): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے ہر ترقیاتی منصوبے پر مسلم لیگ (ن) کی مہر نظر آئے گی، ان کی حکومت کے بعد آنے والی حکومتوں نے کشمیر کی ترقی کے لیے کچھ نہیں کیا، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “کشمیر کو کشمور اور میرپور کو میرپور خاص نہ سمجھنا۔”

میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میرپور خوبصورت شہر ضرور ہے، مگر اسے جتنا ترقی یافتہ ہونا چاہیے تھا، اتنا نہیں بن سکا کیونکہ ان کے دور کے متعدد منصوبے ادھورے رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر اور میرپور کی تقدیر بدلنے کا عزم لے کر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارتِ عظمیٰ سے ہٹائے جانے کے بعد وہ خاموش رہے، لیکن اس دوران آزاد کشمیر میں ترقی کا عمل رک گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ان کی حکومت کے بعد آنے والوں نے آزاد کشمیر کے لیے کون سا بڑا منصوبہ مکمل کیا۔

نواز شریف نے کہا کہ وہ کئی برس بعد میرپور آئے ہیں اور اس شہر کو دوبارہ دیکھنے کی خواہش انہیں یہاں لے آئی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ ان کا رشتہ دل کا رشتہ ہے اور مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ان کا اپنا گھر ہے اور لاہور کی طرح کشمیر بھی انہیں بے حد عزیز ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “یہ کشمیر ہے، کشمور نہیں، اور یہ میرپور ہے، میرپور خاص نہیں۔” تاہم انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان نوک جھونک ہونی چاہیے، مگر تلخی اور لڑائی نہیں ہونی چاہیے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح تعلیم اور صحت کا فروغ ہے۔ آزاد کشمیر میں نئے اسکول، کالج، یونیورسٹیاں اور جدید ہسپتال قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی طرز پر دل اور کینسر کے ہسپتال، سی ٹی اسکین، ایم آر آئی اور جدید طبی سہولتیں میرپور، کوٹلی، بھمبر اور دیگر علاقوں میں فراہم کی جائیں گی تاکہ عوام کو علاج کے لیے اسلام آباد نہ جانا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چلنے والی الیکٹرک بسوں کی طرح آزاد کشمیر میں بھی جدید سفری سہولتیں فراہم کی جائیں گی، ہسپتال آن ویلز سروس شروع ہوگی اور 10 جدید ہسپتال قائم کیے جائیں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوئی تو وہ خود پورے کشمیر کا دورہ کرکے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں گے اور منشور پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ مانسہرہ سے مظفرآباد اور مظفرآباد سے میرپور تک جہلم دریا کے کنارے موٹروے منصوبہ دوبارہ شروع کیا جائے گا، جبکہ اسلام آباد سے مری ایکسپریس وے کو مظفرآباد تک توسیع دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے ہونہار طلبہ کو لیپ ٹاپ اور وظائف دیے جائیں گے، کسانوں کو سستی کھاد اور معیاری بیج فراہم کیے جائیں گے، غریب عوام کو مفت ادویات ملیں گی، جبکہ میرپور میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کوٹلی۔نکیال روڈ کی دو رویہ تعمیر، گھروں تک سوئی گیس اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی، لوہار گلی اور لیپہ ویلی میں ٹنلز کی تعمیر بھی مسلم لیگ (ن) کے منصوبوں میں شامل ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close