مانسہرہ (آئی این پی): وادی کاغان کی سیر کے لیے جانے والے سیاحوں کی گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے 2 نوجوان جاں بحق جبکہ 3 شدید زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر جھیل سیف الملوک جانے پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نواب شاہ اور خان پور سے تعلق رکھنے والے نوجوان ناران کاغان کی سیر کے لیے جا رہے تھے کہ خان پور کے مقام پر ان کی گاڑی بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 22 سالہ حمزہ اور 20 سالہ عرفان مغل موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ 3 نوجوان شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں اسامہ نامی نوجوان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو کھائی سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ضروری قانونی کارروائی کے بعد جاں بحق نوجوانوں کی میتیں ان کے آبائی علاقوں خان پور اور نواب شاہ روانہ کر دی گئیں۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ مانسہرہ نے مسلسل بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث ناران سے جھیل سیف الملوک جانے والی سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی ہدایت پر سیاحوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ موسم کی صورتحال بہتر ہوتے ہی جھیل سیف الملوک کا راستہ دوبارہ سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






