//

سیلابی خطرات بڑھنے لگے، ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بتایا ہے کہ صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے چناب کے خانکی اور قادر آباد کے مقامات پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق خانکی کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 25 ہزار کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 17 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ قادر آباد میں پانی کی آمد ایک لاکھ 46 ہزار کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 27 ہزار کیوسک ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے چناب کے مرالہ، تریموں اور پنجند، دریائے راوی کے جسڑ، شاہدرہ، ہیڈ سدھنائی اور بلوکی، دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا، سلیمانکی اور ہیڈ اسلام، جبکہ دریائے سندھ کے تربیلا، کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ اسی طرح ڈیرہ غازی خان کے رودکوہیوں میں بھی صورتحال نارمل ہے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ 24 جولائی تک متوقع بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافے کا امکان ہے۔ بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کے رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ انہوں نے دریاؤں کے کناروں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی۔ ان کے مطابق ممکنہ متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور دریاؤں، نہروں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت اور سیروتفریح سے گریز کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close