//

نورین نیازی کے متنازع بیان پر شیخ وقاص اکرم کا ردعمل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی جانب سے معرکۂ حق اور پاک فوج سے متعلق دیے گئے متنازع بیان پر ردعمل دینے سے گریز کیا۔

ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ نورین نیازی ان کے لیے بڑی بہنوں کی طرح ہیں، اور ماضی میں ایک بیان پر ردعمل دینے سے تلخیاں پیدا ہوچکی ہیں، اس لیے وہ اس معاملے پر مزید تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے لیے صرف عمران خان کا مؤقف اہمیت رکھتا ہے، اور اگر کسی معاملے پر ان کا بیان موجود ہو تو پھر کسی اور کے بیان کی کوئی اہمیت نہیں رہتی۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاک فوج سے متعلق تمام بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں، اس لیے اس معاملے پر مزید تنازع کھڑا کرنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نورین نیازی اپنے بیان کی خود ذمہ دار ہیں۔

5 اگست کو مجوزہ احتجاج کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ علیمہ خان عمران خان کی بہن ہیں، اور اگر وہ اپنے بھائی کی رہائی کے لیے کوئی اقدام کرتی ہیں تو پارٹی ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔ ان کے مطابق، ملک بھر میں پرامن اور آئینی احتجاج کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ نورین نیازی نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ معرکۂ حق افواجِ پاکستان اور بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے درمیان گٹھ جوڑ کا نتیجہ تھا۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ اگر مودی چاہتے تو صورتحال کو فوری طور پر تبدیل کر سکتے تھے، جبکہ بھارت نے اسرائیل کے کہنے پر پاکستان پر حملہ نہیں کیا کیونکہ، ان کے بقول، پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرنے کی جانب بڑھ رہا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close