//

سیکیورٹی فورسز کی وانا میں بروقت کارروائی، بارودی مواد سے بھری گاڑی تباہ

وانا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام

جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر دہشت گردی کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی کو خودکش حملے سے قبل ہی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک مبینہ خارجی دہشت گرد ہلاک جبکہ پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر وانا اور گردونواح میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس دوران دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کا سراغ لگایا گیا۔

اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے اس گاڑی کی تین روز تک نگرانی کی اور کارروائی کے لیے مناسب وقت کا انتخاب کیا۔ گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب اسے آبادی سے دور لے جایا گیا، تاکہ شہریوں کی جان و مال کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گاڑی میں بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد موجود تھا، جسے کسی بڑے حملے میں استعمال کیے جانے کا خدشہ تھا، تاہم بروقت کارروائی کے باعث ممکنہ نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔

حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گرد منصوبہ ناکام بنایا اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق ملک میں امن و امان برقرار رکھنے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close