//

بلوچستان کے تمام مسائل کا حل صرف اور صرف مذاکرات میں ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے سیاسی مسائل کا واحد حل مذاکرات ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مکالمے پر یقین رکھتی ہے، خواہ وہ اقتدار میں ہوں یا حزبِ اختلاف میں۔

بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں وزیراعلیٰ نے انہیں بلوچستان کی سیاسی، انتظامی اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی۔

سرفراز بگٹی نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ زیارت سانحے کے متاثرین کے لواحقین کی دلجوئی اور ان کے مطالبات کی تکمیل کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بلوچستان میں جلد آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی، جس میں پارلیمان سے باہر موجود سیاسی جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے پاک فوج، ایف سی اور پولیس کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ حالیہ سانحات میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ کو محسوس کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے متاثرہ خاندانوں کی داد رسی اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان کے سیاسی مسائل کا دیرپا حل صرف مذاکرات میں ہے، اور پاکستان پیپلز پارٹی سیاسی جماعتوں سے بات چیت پر یقین رکھتی ہے، چاہے وہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی رہے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close