//

حکومت کی اسکولوں کی جانچ کے لیے نئی پالیسی جاری

لاہور (آئی این پی): کاہنہ اور باغبانپورہ کے افسوسناک حادثات کے بعد پنجاب حکومت نے نجی اسکولوں کی عمارتوں کی جانچ کے لیے نئی پالیسی جاری کر دی ہے، جس کے تحت ہر نجی اسکول کے لیے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق، محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) کی جانب سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ جاری نہ کیے جانے کے بعد طریقہ کار تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اب تمام نجی اسکول پاکستان انجینئرنگ کونسل (پیک) کے رجسٹرڈ سول انجینئر یا رجسٹرڈ انجینئرنگ فرم سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں گے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز (ایجوکیشن) کو نئی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی نجی اسکول کی رجسٹریشن مکمل نہیں ہوگی، جبکہ تمام نجی تعلیمی اداروں کو عمارتوں کی حفاظت سے متعلق قانونی تقاضے پورے کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close