//

صوبے میں ایک ’’نئی بندرگاہ‘‘ تعمیر کرنے کا فیصلہ ، کہاں ؟ جانئے

وزیراعلیٰ سندھ کا کیٹی بندر پر نئی بندرگاہ تعمیر کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے ساحلی علاقے کیٹی بندر، ٹھٹہ میں ایک نئی بندرگاہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ نئی بندرگاہ سندھ کے ساحلی مقام کیٹی بندر پر تعمیر کی جائے گی، جس کا مقصد صوبے میں بحری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

گندم اور آٹے کے بحران سے متعلق بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ گندم کی امدادی قیمت کم مقرر ہونے کے باعث سرکاری خریداری متاثر ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ گندم کی قیمت وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق مقرر کی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں سے گندم 3 ہزار روپے فی من کے حساب سے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ آئندہ خریداری کا عمل قانون کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وزیراعظم بھی گندم اور آٹے کے بحران کے حوالے سے اہم اجلاس کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق سندھ حکومت کو گندم کی خریداری کے معاملے کو مزید ریگولیٹ نہیں کرنا چاہیے۔

امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ملک اس وقت دہشت گردی کی نئی لہر کا سامنا کر رہا ہے اور دہشت گرد عناصر کا ہدف کراچی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور صوبے میں دہشت گردی کو دوبارہ پنپنے نہیں دیا جائے گا۔

انہوں نے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے دوران نوجوان ڈاکٹر کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے معاملے کا سخت نوٹس لیا ہے اور پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close