//

خوفناک آتشزدگی ، ایک ہزار ایکڑ جنگل جل کر راکھ

پیرس کے قریب تاریخی فونٹین بلو جنگل میں شدید آگ، ہزاروں ایکڑ رقبہ متاثر

فرانس کے دارالحکومت پیرس کے قریب واقع تاریخی فونٹین بلو جنگل میں لگنے والی شدید آگ نے وسیع جنگلاتی رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

پیرس سے تقریباً 70 کلومیٹر جنوب میں واقع فونٹین بلو کے جنگل میں گزشتہ شام بھڑکنے والی آگ کے نتیجے میں تقریباً ایک ہزار ایکڑ جنگلات جل کر خاکستر ہو گئے۔ حکام نے احتیاطی تدبیر کے طور پر قریب 900 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا، جبکہ اے سکس موٹر وے اور ریلوے ٹریفک بھی عارضی طور پر متاثر رہی۔

آگ پر قابو پانے کے لیے 500 سے زائد فائر فائٹرز، پانی پھینکنے والے خصوصی طیارے اور ہیلی کاپٹر امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

حکام کے مطابق اب تک کسی جانی نقصان یا رہائشی عمارت کو نقصان پہنچنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

فرانس کے وزیرِ داخلہ لوراں نونیز نے متاثرہ علاقے کا دورہ کرتے ہوئے بتایا کہ آگ مختلف مقامات پر بیک وقت بھڑکی، جس کے باعث جان بوجھ کر آگ لگائے جانے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق پولیس اس پہلو سے تحقیقات کر رہی ہے۔

ادھر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اس آگ کو ایک غیر معمولی واقعہ قرار دیتے ہوئے متاثرہ افراد اور امدادی ٹیموں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close