نئے اضلاع،ڈویژنز اور تحصیلوں کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری

بلوچستان میں نئے اضلاع، ڈویژنز اور تحصیلوں کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری

حکومت بلوچستان نے نئے اضلاع، ڈویژنز اور تحصیلوں کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کوئٹہ کو دو حصوں، کوئٹہ مشرقی اور کوئٹہ مغربی، میں تقسیم کر دیا گیا ہے، جبکہ قلات ڈویژن کو ختم کر کے خضدار اور لسبیلہ کے نام سے دو نئے ڈویژنز قائم کیے گئے ہیں۔

حکومت نے ضلع خضدار کو تقسیم کرتے ہوئے وڈھ کو نیا ضلع بنا دیا ہے، جبکہ ضلع شہید سکندر آباد کا نام تبدیل کر کے ضلع سوراب رکھ دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے تحت ضلع مستونگ کو قلات ڈویژن سے نکال کر کوئٹہ ڈویژن میں شامل کر دیا گیا ہے، جبکہ ضلع کچھی کو نصیر آباد ڈویژن سے الگ کر کے سیوی ڈویژن کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ اسی طرح زیارت اور ہرنائی اضلاع کو لورالائی ڈویژن میں شامل کر دیا گیا ہے۔

ضلع ڈیرہ بگٹی کو شمالی ڈیرہ بگٹی اور جنوبی ڈیرہ بگٹی میں تقسیم کر دیا گیا ہے، جبکہ ضلع شیرانی کا ہیڈکوارٹر استا نورغہ سے منتقل کر کے مانی خواہ مقرر کیا گیا ہے۔

کوئٹہ مغربی میں بروری اور پنجپائی کو نئے سب ڈویژنز کا درجہ دیا گیا ہے، جبکہ گوادر میں اورماڑہ اور جیونی بھی نئے سب ڈویژنز قرار دیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ برشور، مچھ، بالا ناڑی، یک مچ، ناگ، کارخ اور بلنیگور کو تحصیلوں کا درجہ دیا گیا ہے، جبکہ خضدار میں زیدی، جعفر آباد میں خانپور اور صحبت پور میں جیا خان نئی تحصیلیں قرار دی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سبی کے سرکاری انگریزی ہجے “Sibi” کی جگہ “Sivi” جبکہ مکران کے “Makran” کی جگہ “Makoran” مقرر کر دیے گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close