گھوٹکی: سندھ کے شہر گھوٹکی میں پکوڑوں کا اسٹال لگانے کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا، جس کے دوران گرم تیل 10 سالہ بچی پر گرنے سے وہ شدید زخمی ہو گئی۔
واقعہ قادر پور کے علاقے میں پیش آیا، جہاں جھگڑے کے دوران گرم تیل بچی پر گر گیا، جس سے اس کی ایک آنکھ متاثر ہوئی۔
متاثرہ بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت کے باعث اسے گمبٹ اسپتال ریفر کر دیا گیا۔
بچی کے والد کا مؤقف ہے کہ مخالفین نے جان بوجھ کر ان کی بیٹی پر گرم تیل پھینکا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی گھوٹکی سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور تمام ملزمان کی فوری گرفتاری کے ساتھ سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
آئی جی سندھ نے مزید ہدایت کی کہ متاثرہ بچی کے اہل خانہ سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور انہیں ہر ممکن قانونی معاونت، تحفظ اور مکمل تعاون فراہم کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






