وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے امن و استحکام کی فوری بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران سمیت تمام متعلقہ فریق تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو امن کے لیے ہونے والی پیش رفت کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

شہباز شریف نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے باہمی وعدوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت افہام و تفہیم، باہمی احترام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خطے میں امن کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کی حمایت اور تعمیری کردار کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم کے حالیہ دورۂ اسلام آباد کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ان پر تیز رفتار عملدرآمد جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close