پرزن کانسٹیبل بھرتی: پہلے روز کے جسمانی ٹیسٹ کے نتائج منسوخ، ٹیسٹ دوبارہ لینے کا فیصلہ
محکمہ جیل خانہ جات کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ پرزن کانسٹیبل بھرتی کے پہلے روز ہونے والے جسمانی ٹیسٹ کے نتائج منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق بھرتی کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور تمام امیدواروں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے جسمانی ٹیسٹ دوبارہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ 7 جولائی کو حیدرآباد اور سکھر مراکز پر منعقد ہونے والے جسمانی ٹیسٹ دوبارہ لیے جائیں گے تاکہ تمام امیدواروں کو یکساں اور منصفانہ ماحول میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق حیدرآباد مرکز پر جسمانی ٹیسٹ 21 جولائی کو جبکہ سکھر مرکز پر 22 جولائی کو دوبارہ منعقد کیا جائے گا۔ امیدواروں کو نئے شیڈول، امتحانی تاریخ اور دیگر ضروری معلومات ایس ایم ایس، سرکاری ویب سائٹ اور اخبارات کے ذریعے فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ بروقت اپنی تیاری مکمل کر سکیں۔
ترجمان نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ نئی ایڈمٹ سلپس، نظرثانی شدہ شیڈول اور تازہ ترین معلومات کے حصول کے لیے باقاعدگی سے محکمہ جیل خانہ جات کی سرکاری ویب سائٹ کا جائزہ لیتے رہیں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔
ترجمان محکمہ جیل خانہ جات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھرتی کے تمام مراحل مکمل شفافیت، انصاف اور میرٹ کے اصولوں کے مطابق مکمل کیے جائیں گے، تاکہ تمام اہل امیدواروں کو مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں اور بھرتی کے عمل پر اعتماد برقرار رہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






