سانحہ گل پلازہ کیس ، ملزمان کو بڑا ریلیف مل گیا

سانحہ گل پلازہ کیس کے ملزمان کو بڑا ریلیف مل گیا عدالت نے ان کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

سیشن عدالت کراچی نے رواں برس جنوری میں ہونے والے سانحہ گل پلازہ آتشزدگی کیس کے ملزمان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزمان کو پانچ، پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے جب کہ بچے کو 10 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اسلم شیخ نے ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ یہ لوگ تباہ ہو چکے ہیں، اتنے پیسے جمع نہیں کرا سکتے۔

اس سے قبل سانحہ گل پلازہ آتشزدگی کیس میں نامزد ملزمان تنویر پاستا، عمار اسماعیل، محمد امین، محمد رمضان، 11 سالہ حذیفہ اور اس کے والد نعمت اللہ شامل ہیں، جنہوں نے ضمانت کے لیے عدالت سے آج رجوع کیا تھا۔

درخواست گزاروں کا موقف تھا کہ پولیس نے سرکاری اداروں کی نا اہلی چھپانے کیلیے ہمیں ملزم بنا دیا ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ ہم نے آگ لگنے کے بعد سیکڑوں لوگوں کو مارکیٹ سے باہر نکالا تھا جب کہ سرکاری ادارے تو تاخیر سے پہنچے تھے اور ان کے پاس پانی و دیگر متعلقہ سامان بھی نہیں تھا۔

واضح رہے کہ رواں برس جنوری میں سانحہ گل پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد شہید اور درجنوں لاپتہ ہو گئے تھے۔

کئی ماہ کی تفتیش کے بعد کراچی پولیس نے گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے المناک سانحے کا چالان تیار کرتے ہوئے مارکیٹ یونین کے عہدیداروں سمیت 5 افراد کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close