گوشت سستا ، انڈے مہنگے ہو گئے ، موجودہ قیمت جانئے

مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے برائلر گوشت کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے نئے سرکاری نرخ جاری کر دیے گئے، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں دکانداروں کی جانب سے سرکاری نرخ نظر انداز کرتے ہوئے زائد قیمتوں پر فروخت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

مارکیٹ کمیٹی کے مطابق اوپن مارکیٹ میں برائلر چکن کی قیمت میں 14 روپے فی کلو کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ برائلر گوشت کا سرکاری نرخ 403 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح برائلر زندہ مرغی کا تھوک ریٹ 264 روپے فی کلو اور پرچون ریٹ 278 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔

اس کے باوجود شہریوں نے شکایت کی ہے کہ متعدد دکاندار سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہیں کر رہے اور مختلف ناموں سے گوشت مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  بعض دکاندار “صافی گوشت” کے نام پر برائلر گوشت 550 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں، جس سے صارفین کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہے۔

دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مارکیٹ کمیٹی کے مطابق فارمی انڈے ایک روپے فی درجن مہنگے ہونے کے بعد 231 روپے فی درجن مقرر کر دیے گئے ہیں، جبکہ انڈوں کی پیٹی کا تھوک ریٹ 6 ہزار 810 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مارکیٹوں میں مؤثر چیکنگ کی جائے اور اوورچارجنگ میں ملوث دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close