انا للہ و انا الیہ راجعون ، پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سابق رکنِ قومی اسمبلی انتقال کرگئیں

: پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سابق رکنِ قومی اسمبلی فوزیہ حبیب انتقال کرگئیں، مرحومہ کی نماز جنازہ آج 5 جولائی اتوار کو  رات 10 بجے  ایچ 8 قبرستان اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔

صدر آصف علی زرداری نے فوزیہ حبیب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے فوزیہ حبیب کے انتقال کو پاکستان پیپلز پارٹی اور ملکی سیاست کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مرحومہ نے اپنی پوری سیاسی زندگی عوامی خدمت، جمہوریت کے استحکام اور پارٹی کے نظریات کے فروغ کے لیے وقف کیے رکھی۔خیال رہے کہ فوزیہ حبیب نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی ایک متحرک اور باصلاحیت رہنما تھیں بلکہ انہوں نے مختلف ذمہ داریوں پر رہتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ بھی کیا،ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ مرحومہ نے صدر آصف علی زرداری کے پہلے دورِ صدارت، جو 2008ء سے 2013ء تک جاری رہا، اس دوران ایوانِ صدر کے عملے کے رکن کے طور پر بھی فرائض انجام دیے،اس عرصے میں انہوں نے نہایت دیانتداری، لگن اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ خدمات سرانجام دیں، جنہیں آج بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

صدرِ مملکت نے مرحومہ کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ فوزیہ حبیب کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت اور درجات بلند کرے، جبکہ سوگوار خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

دوسری جانب چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بھی سابق رکنِ قومی اسمبلی فوزیہ حبیب کےانتقال پر گہرے رنج و غم اور دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ فوزیہ حبیب کے انتقال کی خبر سن کر انتہائی دکھ اور صدمہ ہوا ہے، مرحومہ ایک متحرک سیاسی رہنما تھیں، جن کی سیاسی و عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،ان کی وفات پارٹی اور ملک کے سیاسی منظر نامے کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close