خوشخبری ، گھر کی مرمت کیلئے لاکھوں کا قرض ، حکومت کی جانب سے بڑا اعلان

وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے اعلان کیا ہے کہ “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت اب شہریوں کو نئے گھر کی تعمیر کے ساتھ ساتھ گھروں کی مرمت اور چھت ڈالنے کے لیے بھی 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

حکومت پنجاب نے کم آمدن والے اور بے گھر افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اس پروگرام کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا ہے۔ بلال یاسین کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ خستہ حال اور کچے مکانات میں رہنے والے خاندان بھی اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ، بینک آف پنجاب کے صدر اور ڈی جی پھاٹا نے شرکت کی اور پروگرام کی پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ کے مطابق اس اسکیم کے تحت اب تک ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے مزید ایک لاکھ خاندانوں کو گھروں کی تعمیر اور مرمت کے لیے قرضے فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ یہ اسکیم بنیادی طور پر کم آمدنی والے، بے گھر اور خستہ حال مکانات میں رہنے والے مستحق خاندانوں کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔

بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام قرضے مکمل طور پر بلاسود، کم لاگت اور شفاف طریقہ کار کے تحت فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہری 5 سے 10 لاکھ روپے تک کے قرض کے لیے ای پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن درخواست دے سکیں گے، جس سے دفاتر کے چکر لگانے اور طویل انتظار کی ضرورت نہیں رہے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close