مہنگا پیٹرول فروخت کرنا ظلم ہے، حکومت عوام کو مشکلات میں دھکیل رہی ہے، ترجمان جے یو آئی

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مافیاز اور حکمرانوں کے گٹھ جوڑ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، جبکہ عالمی منڈی کے مقابلے میں مہنگا پیٹرول فروخت کرنا بدترین ظلم ہے۔

اپنے بیان میں اسلم غوری نے کہا کہ شوگر مافیا اور ٹیکسٹائل مافیا کے بعد اب پیٹرول مافیا بھی حکومتی سرپرستی میں عوام کا استحصال کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مافیاز حکمرانوں کے ساتھ مل کر مسلسل عوام کا خون چوس رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں، جس کا سارا بوجھ عام شہری برداشت کر رہے ہیں۔

ترجمان جے یو آئی (ف) نے کہا کہ حکمرانوں کے ایسے ظالمانہ فیصلے ہی قوموں کو تباہی کی طرف لے جاتے ہیں اور یہی طرزِ حکمرانی بنگلہ دیش جیسے حالات پیدا کرنے کا باعث بنتی ہے۔

اسلم غوری نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمتیں فوری طور پر کم کی جائیں اور مافیاز کے مفادات کے لیے عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close