تہران: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اعلیٰ سطح کے پاکستانی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے، جہاں انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین کی رسومات میں شرکت کی۔ بعد ازاں وزیراعظم اپنے سرکاری دورے پر ترکیہ کے لیے استنبول روانہ ہوگئے۔
گرینڈ مصلیٰ امام خمینی پہنچنے پر وزیراعظم اور وفد نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی اور آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر ایران کے وزیر دفاع سے بھی ملاقات کی۔
تہران آمد پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔
نمازِ جنازہ اور تدفین کی رسومات کے دوران وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وفد کے دیگر ارکان نے آیت اللہ علی خامنہ ای کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای نے کئی دہائیوں تک غیر معمولی بصیرت، حکمت اور دوراندیشی کے ساتھ ایرانی قوم کی قیادت کی اور ان کی شہادت نہ صرف ایران بلکہ پوری مسلم امہ کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
انہوں نے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای، صدر مسعود پزشکیان اور ایرانی عوام سے دلی تعزیت اور مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس غم کی گھڑی میں اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
سینیٹ کے چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ارکانِ پارلیمان اور دیگر پاکستانی شخصیات نے بھی وزیراعظم کے ہمراہ نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔
نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف تہران سے ترکیہ کے سرکاری دورے پر استنبول روانہ ہوگئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






