وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کی دعوت پر کل استنبول پہنچیں گے

اسلام آباد: پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان کی خصوصی دعوت پر آج (ہفتہ) استنبول پہنچیں گے، جہاں دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات کے تمام اہم شعبوں پر اعلیٰ سطح کے مذاکرات کریں گے۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب مشرقِ وسطیٰ کی تیزی سے بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتحال، خطے میں امن کی کوششیں اور عالمی سفارتی سرگرمیاں نئی سمت اختیار کر رہی ہیں، جس کے باعث اس دورے کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر رجب طیب اردوان کے درمیان دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعت، علاقائی روابط اور اسٹریٹجک تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ دونوں رہنما گزشتہ برسوں میں قائم ہونے والی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات ایسے مرحلے پر ہو رہی ہے جب آئندہ ہفتے انقرہ میں نیٹو کا اہم اجلاس اور یورپی و علاقائی سفارتی سرگرمیاں متوقع ہیں۔ اس تناظر میں غزہ، ایران، شام، مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال، علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی، توانائی کے تحفظ اور بدلتے ہوئے عالمی سیاسی منظرنامے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پاکستان اور ترکیے، دونوں ایران کے ہمسایہ اور قریبی دوست ممالک ہیں، اس لیے خطے میں پائیدار امن، استحکام اور مستقبل کی علاقائی حکمت عملی بھی ملاقات کے اہم نکات میں شامل ہوگی۔ سفارتی مبصرین کے مطابق اسلام آباد اور انقرہ مذاکرات، اقتصادی تعاون اور علاقائی استحکام کے فروغ پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں، جس سے مستقبل میں دونوں ممالک کا کردار مزید اہم ہو سکتا ہے۔

دورے کے اقتصادی پہلو کو بھی خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف استنبول میں پاکستان-ترکیے بزنس فورم سے خطاب کریں گے، جس میں ترکیے کے نائب صدر جودت یلماز، دونوں ممالک کے وزرا، ممتاز صنعت کار، سرمایہ کار، کاروباری تنظیموں کے نمائندے اور اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close