گلی محلوں میں قائم ٹیوشن سینٹرز سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا گیا

سانحہ کاہنہ میں 14 معصوم بچوں کی شہادت کے بعد گلی محلوں میں قائم ٹیوشن سینٹرز سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

لاہور کے علاقے کاہنہ میں گھر میں قائم ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 معصوم بچوں کی شہادت کے دل دہلا دینے والے حادثے کے بعد گلی محلوں میں قائم ٹیوشن، کوچنگ سینٹرز سے متعلق محکمہ تعلیم نے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

محکمہ تعلیم اور اس کے ماتحت متعلقہ اداروں نے گلی محلوں میں قائم تمام ٹیوشن اور کوچنگ سینٹرز کو تین دن کے اندر رجسٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جب کہ حادثے کے بعد محکمہ تعلیم کے سربراہ طارق محمود نے بتایا تھا کہ اس طرح کا کوئی میکنزم نہیں کہ گھروں میں قائم ٹیوشن سینٹر محکمہ تعلیم کے ماتحت ہوں یا ان کو رجسٹر کیا جائے۔

دوسری جانب کاہنہ کے متاثرہ علاقے کی فضا سوگوار اور ہر آنکھ اب تک اشکبار ہے۔ لوگ اب تک صدمے سے باہر نکل نہیں پائے ہیں۔ جاں بحق ہونے والے تمام بچے اسی محلے کے رہائشی ہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ کسی گھر کے دو اور کسی گھر کے تین بچوں کی اموات ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل لاہور کے علاقے کاہنہ میں گھر میں قائم ٹیوشن سینٹر کی چھت اس وقت اچانک گر پڑی جب کمرے میں 30 سے زائد بچے پڑھائی میں مصروف تھے۔

اس حادثے میں 14 بچے شہید ہوئے جب کہ ٹیچر سمیت باقی بچے زخمی ہوئے، جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close