چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت زرداری ہاؤس میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور ، قائمقام صدر چوہدری لطیف اکبر ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور ، صدر پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد یاسین ، موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید ، وزیر حکومت چوہدری یاسر سلطان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری محمد ریاض نے شرکت کی۔اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، آئندہ انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی خدمت، جمہوری اقدار کے فروغ اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ انتخابات کو بگل بج چکا ہے اس لئے کارکن جوش و خروش سے پارٹی کی انتخابی مہم چلائیں تاکہ پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں دوبارہ کامیابی حاصل کر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رکھے اور عوامی فلاح و بہبود، گڈ گورننس، شفافیت اور ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر بنائے۔بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ عوام سے اپنے روابط مزید مضبوط کریں اور پارٹی کے نظریے اور پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی یہ جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






