گلگت بلتستان (جی بی) اسمبلی میں پیپلزپارٹی، ن لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کےدرمیان اتحاد ہوگیا، تینوں پارٹیوں کی حمایت سے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔
گلگت بلتستان اسمبلی کے اسپیکر نذیر احمد کے مطابق پیپلزپارٹی کے عمران ندیم بلامقابلہ نئے اسپیکر جی بی اسمبلی منتخب ہوگئے جب کہ ن لیگ کےکفایت الرحمان ایڈووکیٹ بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے۔
ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدواروں نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کےانتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا۔
سابق اسپیکر نذیر احمد نے نومنتخب اسپیکر عمران ندیم سے عہدے کا حلف لیا، حلف برداری کے بعد سابق اسپیکر نےنشست نئے اسپیکر کے سپرد کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جی بی کے وزیراعلیٰ کا انتخاب بھی بلامقابلہ ہونےکا امکان ہے۔
خیال رہےکہ ن لیگ کے بعد استحکام پاکستان پارٹی نے بھی گلگت بلتستان میں حکومت سازی میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دینےکا فیصلہ کیا۔
اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور گلگت بلتستان میں مل کر حکومت بنانے کی دعوت دی۔
استحکام پاکستان پارٹی کے مطابق عبدالعلیم خان نے بلاول بھٹو زرداری کی پیشکش قبول کرلی۔
صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو سے خوشگوار اور مثبت بات چیت ہوئی ہے،گلگت بلتستان میں وزیراعلیٰ اور اسپیکر کے انتخاب کے لیے ساتھ دیں گے، وزیراعلیٰ، اسپیکر اور دیگر عہدوں پربھاری اکثریت سےکامیاب کرائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






