ہر انسٹاگرام ریل کے نیچے ‘کمنٹ فار لنک’ کیوں لکھا ہوتا ہے؟ کمائی کا خفیہ طریقہ جانیے

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر حالیہ عرصے میں ”کمنٹ فار لنک“، ”کمنٹ فار گائیڈ“ یا ”کمنٹ فار ڈیٹیلز“ جیسے پیغامات انتہائی عام ہو چکے ہیں۔ کھانوں کی تراکیب بتانے والے کریئیٹرز ہوں، فیشن انفلوئنسرز یا فنانشل ایڈوائزر دینے والے ماہرین، ہزاروں پوسٹس اور ریلز میں صارفین سے کسی مخصوص لفظ کے ساتھ کمنٹ کرنے کی درخواست کی جاتی ہے تاکہ انہیں مطلوبہ معلومات یا لنک فراہم کیا جا سکے۔

ماہرین کے مطابق یہ رجحان محض صارفین کو معلومات فراہم کرنے کا طریقہ نہیں بلکہ ایک سوچا سمجھا ڈیجیٹل مارکیٹنگ ماڈل ہے جو بیک وقت کریئیٹرز، برانڈز اور انسٹاگرام کے الگورتھم کو فائدہ پہنچاتا ہے۔

انسٹاگرام پر پوسٹس کے کیپشن میں کلک ایبل لنکس شامل نہ کیے جانے کی پابندی اس رجحان کی بنیادی وجہ سمجھی جاتی ہے۔ اگرچہ صارفین بائیو یا اسٹوریز میں موجود لنکس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، لیکن اس عمل میں اضافی مراحل شامل ہونے کے باعث دلچسپی رکھنے والے افراد کی تعداد کم ہو سکتی ہے۔ اسی خلا کو پُر کرنے کے لیے کریئیٹرز اب خودکار سافٹ ویئر اور آٹومیشن ٹولز استعمال کر رہے ہیں۔

اس نظام کے تحت جب کوئی صارف پوسٹ پر مخصوص لفظ کمنٹ کرتا ہے تو سافٹ ویئر فوری طور پر اس کی نشاندہی کرکے صارف کے ڈائریکٹ میسج (ڈی ایم) میں متعلقہ لنک یا معلومات بھیج دیتا ہے۔ یوں صارف کو مطلوبہ مواد تک رسائی آسانی سے مل جاتی ہے جبکہ کریئیٹر کو اضافی انگیجمنٹ حاصل ہوتی ہے۔

ڈیجیٹل مارکیٹنگ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حکمت عملی کا سب سے بڑا فائدہ انسٹاگرام کے الگورتھم سے جڑا ہوا ہے۔ ہر کمنٹ پلیٹ فارم کے لیے ایک اہم انگیجمنٹ سگنل تصور کیا جاتا ہے۔ جب کسی پوسٹ پر بڑی تعداد میں تبصرے آتے ہیں تو انسٹاگرام اسے زیادہ دلچسپی کا حامل مواد سمجھتے ہوئے مزید صارفین تک پہنچا سکتا ہے۔

اسی وجہ سے ”کمنٹ فار لنک“ ماڈل کریئیٹرز کے لیے دوہرا فائدہ رکھتا ہے۔ ایک طرف صارفین کو فوری معلومات ملتی ہیں جبکہ دوسری جانب کمنٹس کی بڑھتی ہوئی تعداد مواد کی رسائی میں اضافہ کر سکتی ہے۔

تاہم عام صارفین میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ ہر کمنٹ سے انفلوئنسرز کو براہ راست مالی فائدہ پہنچتا ہے، لیکن ماہرین اس خیال کو درست نہیں سمجھتے۔ ان کے مطابق انسٹاگرام ہر کمنٹ پر ادائیگی نہیں کرتا اور نہ ہی زیادہ تر برانڈز کمنٹس یا کلکس کی بنیاد پر رقم دیتے ہیں۔

اکثر انفلوئنسر مارکیٹنگ مہمات میں کریئیٹرز کو مواد تیار کرنے اور شائع کرنے کے عوض ایک مقررہ فیس دی جاتی ہے، اور اس ادائیگی کا تعلق کمنٹس کی تعداد سے نہیں ہوتا۔

البتہ بعض معاملات میں ایفیلیئیٹ مارکیٹنگ یا ریونیو شیئرنگ ماڈل استعمال کیا جاتا ہے، جس میں آمدن کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ صارف لنک پر کلک کرنے کے بعد خریداری، رجسٹریشن یا کوئی اور مطلوبہ عمل مکمل کرے۔

مارکیٹنگ ماہرین کے مطابق اصل مالی قدر کمنٹ میں نہیں بلکہ اس کے بعد کے مرحلے میں ہوتی ہے، جہاں صارف کا عملی فیصلہ اہم کردار ادا کرتا ہے۔

کئی ممالک میں ایفیلیئیٹ مارکیٹنگ کے تحت فزیکل مصنوعات پر کمیشن کی شرح مختلف ہوتی ہے، جبکہ ڈیجیٹل مصنوعات اور سروسز میں یہ شرح زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ”کمنٹ فار لنک“ دراصل ایک وسیع مارکیٹنگ فنل کا ابتدائی مرحلہ ہے، جس میں صارف کی دلچسپی سے لے کر خریداری تک کا پورا سفر شامل ہوتا ہے۔

اگرچہ یہ حکمت عملی اب بھی مؤثر سمجھی جاتی ہے، تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ اس کا حد سے زیادہ استعمال صارفین میں اکتاہٹ پیدا کر سکتا ہے اور اس کی افادیت کم ہو سکتی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ رجحان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کریئیٹرز اور برانڈز انسٹاگرام کے الگورتھم اور تکنیکی حدود کے مطابق اپنی حکمت عملیاں مسلسل تبدیل کر رہے ہیں، جبکہ اصل نتیجہ ہمیشہ صارف کے بعد کے فیصلے پر منحصر ہوتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close