معروف کرپٹو ٹریڈر سے گن پوائنٹ پر لاکھوں ڈالرز لوٹ لیے گئے

کراچی: گلستانِ جوہر میں کرپٹو ٹریڈر جان شیر خان عرف “جے ایس را” کے مبینہ اغوا اور لوٹ مار کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے متاثرہ شہری کی مدعیت میں گلستانِ جوہر تھانے میں اغوا اور لوٹ مار کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ واقعہ شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کا بتایا جا رہا ہے، جس میں مسلح ملزمان نے ایک معروف کرپٹو ٹریڈر اور فری لانسر کو اغوا کر کے ان کے آن لائن ڈیجیٹل والٹس سے لاکھوں ڈالرز منتقل کر لیے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں ایک موٹرسائیکل اور کالے رنگ کی گاڑی کو دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج کے مطابق گاڑی موٹرسائیکل کو روکتی ہے، جس کے بعد چند افراد متاثرہ شخص کو زبردستی قابو کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور بعد ازاں اسے تشدد کا نشانہ بنا کر ساتھ لے جاتے ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ شہری نے بیان دیا کہ وہ 16 تاریخ کی رات دوست کی گاڑی میں سفر کر رہے تھے، اور بعد میں موٹرسائیکل پر گھر کی طرف روانہ ہوئے۔ اسی دوران ایک گاڑی نے انہیں ٹکر مار کر گرایا، جس کے بعد چار مسلح افراد انہیں زبردستی گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم مقام پر لے گئے۔

متاثرہ شخص کے مطابق وہاں ان پر تشدد کیا گیا اور ان کے آن لائن اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر کے ڈیجیٹل والٹس سے بڑی مالیت کے اثاثے منتقل کیے گئے۔ ملزمان نے ان کے دوستوں سے بھی ان کے نام پر ڈالرز کا مطالبہ کیا اور ان کا موبائل فون بھی ساتھ لے گئے۔

بعد ازاں صبح کے وقت انہیں ایک نامعلوم مقام پر آنکھوں پر پٹی باندھ کر چھوڑ دیا گیا۔ متاثرہ شہری کے مطابق وہ بعد میں بن قاسم کے علاقے سے بائیکیا کے ذریعے گھر واپس پہنچے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری ممکن بنائی جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close