رانا ثنا اللہ نے بھارت کی آبی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے اہم تجویز دیدی

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے بھارت کی مبینہ آبی جارحیت کے مقابلے کے لیے دریائے چناب پر آبی ذخائر بنانے کی تجویز پیش کر دی ہے۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دریائے چناب پر 4 سے 5 مقامات پر پانی کے ذخائر تعمیر کیے جا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق پانی کے مسئلے پر تمام صوبوں کو مل بیٹھ کر متفقہ حکمتِ عملی طے کرنا ہوگی تاکہ مستقبل کے چیلنجز اور بھارتی اقدامات کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ بھارت چناب پر پانچ ڈیمز تعمیر کر رہا ہے جو 2030 تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔ ان منصوبوں کے ذریعے بھارت 60 سے 90 روز تک دریائے چناب کا پانی روک سکتا ہے، جبکہ اچانک پانی چھوڑ کر سیلابی صورتحال بھی پیدا کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی پالیسی پر عمل کر رہا ہے، تاہم حکومت اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور اسے مختلف عالمی فورمز پر بھی اٹھایا جا رہا ہے۔

مشیر وزیراعظم کے مطابق پاکستان اس صورتحال کا مقابلہ چناب پر اپنے آبی ذخائر بنا کر کر سکتا ہے تاکہ اضافی پانی کو محفوظ کر کے مؤثر طور پر استعمال میں لایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ معاملہ صدر مملکت کے نوٹس میں بھی لایا جا چکا ہے اور پارلیمنٹ میں اس پر تفصیلی بحث کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close