ممبئی: بھارتی ایئرلائن کے ایک طیارے کے اسپیکر میں چھپایا گیا کروڑوں روپے مالیت کا سونا ضبط کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد آباد ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے سونے کی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ حکام کے مطابق دبئی سے آنے والی انڈیگو ایئرلائن کی پرواز کے طیارے کے اسپیکر میں 2.8 کلوگرام سونا چھپایا گیا تھا، جس کی مالیت 4 کروڑ بھارتی روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ سونے کو کالے رنگ کی ٹیپ میں لپیٹ کر اسپیکر کے اندر انتہائی مہارت سے چھپایا گیا تھا تاکہ معمول کی تلاشی کے دوران اس کا سراغ نہ لگ سکے۔
حکام نے بتایا کہ ایئرکرافٹ انجینئرز کی مدد سے اسپیکر کو کھول کر سونا برآمد کیا گیا، جس کے بعد اسے قبضے میں لے لیا گیا۔
واقعے کے بعد کسٹمز حکام نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اسمگلنگ میں ملوث افراد اور نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






