ملازمین اور افواج کے لیے بجٹ کا سب سے بڑا سرپرائز

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وفاقی ملازمین، مسلح افواج اور پنشنرز کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔

فنانس بل کے مطابق نئے پے اسکیلز میں 2022 کے 15 فیصد اور 2025 کے 10 فیصد ایڈہاک ریلیف کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے گا۔ تمام وفاقی سرکاری ملازمین کو رننگ بیسک پے پر 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس دیا جائے گا۔

اسکیل 1 سے 22 تک کے ملازمین کو ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس 2026 کے تحت بنیادی تنخواہ کا 15 فیصد ملے گا۔ کنوینس الاؤنس میں موجودہ رقم کے مقابلے میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

فنانس بل کے مطابق سول آرمڈ فورسز کے لیے کانسٹنٹ اٹینڈنٹ الاؤنس 7 ہزار روپے سے بڑھا کر 30 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ کابینہ ڈویژن کے افسران اور عملے کی اسپیشل پے 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے ماہانہ کر دی گئی ہے۔

نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کے اسکیل 1 سے 22 کے ملازمین کے اسپیشل الاؤنس میں بھی اضافہ کرتے ہوئے اسے 10 سے بڑھا کر 50 فیصد کر دیا گیا ہے۔

اسپیشل کنوینس الاؤنس 6 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح تمام پنشنرز کی بیس لائن پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ تمام اقدامات یکم جولائی 2026 سے نافذ ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close