اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی کے مختلف ارکان نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال، وفاقی بجٹ اور حلقوں سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کرنے والے ارکان میں ابرار شاہ، ثمینہ خالد، شاہدہ رحمان، جمال شاہ کاکڑ، خرم شہزاد، سردار یعقوب خان ناصر، میجر (ر) طاہر اقبال اور میاں خان بگٹی شامل تھے۔
ارکانِ قومی اسمبلی نے متوازن اور عوام دوست وفاقی بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود اور اقتصادی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی استحکام کو پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا گیا ہے، جبکہ کاروباری برادری کے لیے ٹیکس میں رعایتوں اور دیگر سہولیات کے ذریعے سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کی راہ ہموار کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پائیدار معاشی نمو کے نتیجے میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ معاشی استحکام کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے اصلاحات کا عمل بھی جاری رکھا جائے گا۔
ملاقاتوں کے دوران ارکانِ اسمبلی کے حلقوں سے متعلق امور اور عوامی مسائل پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے رکن قومی اسمبلی چوہدری محمد طفیل نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ان کے بڑے بھائی چوہدری محمد حنیف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے چوہدری محمد طفیل کے بھائی چوہدری محمد ارشد سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے مرحوم کے انتقال پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
ملاقات میں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی رانا مبشر اقبال بھی موجود تھے، جبکہ چوہدری محمد طفیل نے عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی کے لیے حکومت کے اقدامات کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






